(ایجنسیز)
سانتیاگو، چلّی: چلی میں گزشتہ رات آنے والے آٹھ اعشاریہ دو شدت کے زلزلے سے اب تک کی اطلاعات کے مطابق کم سے کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق زلزلے سے ایکیک شہر میں سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، جبکہ متعدد مقامات پرلینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے زمینی رابطہ معطل ہوگیا ہے۔ زلزلے سے کئی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔
زلزلے کے بعد بحرالکاہل کی ساحلی پٹی پر واقع لاطینی امریکہ کے ملکوں پیرو، ایکواڈور،کولمبیا، پاناما اور کوسٹا ریکا میں بھی سونامی کی وارننگ جاری کی گئی ہے جو مزید چھ گھنٹے جاری رہے گی جبکہ چلی کے دارالحکومت سانتیاگو میں جاری سونامی کی وارننگ اب واپس لے لی گئی ہے۔
چلی کے ساحلی علاقوں میں زلزلے کے بعد امریکی ریاست ہوائی کے لیے بھی سونامی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ منگل کی رات چلی کے جنوبی ساحل کے قریب آٹھ اعشاریہ دو میگنیٹیوڈ کی طاقت کا زلزلہ آیا تھا۔حکام کا کہنا ہے ملک کے مختلف علاقوں سے اطلاعات موصول ہو رہی ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب ایکیک شہر میں خواتین کی جیل سے تین سو قیدیوں کے فرار ہونے کے بعدکئی علاقوں میں فوج تعینات کردی گئی ہے۔
ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ حکام نے سونامی کے متوقع خطرے کے پیش نظر ساحلی علاقوں کو خالی کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ چلی کے
ساحلی علاقوں سے سونامی کی لہریں ٹکراگئی ہیں۔
عالمی نیوز ایجنسیوں کے مطابق زلزلے کے بعد مزید آفٹرشاکس بھی محسوس کیے گئے ہیں، جبکہ کچھ علاقوں سے سڑکوں کو نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔
زلزلے کے شدید جھٹکوں کی وجہ سے چلی کے شہر ایکیک کے کنٹرول ٹاور کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے ایئرپورٹ بند کردیا گیا۔
امریکی جیولوجیکل سروے نے ابتدائی طور پر رپورٹ دی تھی کہ زلزلے کی شدت آٹھ میگنیٹیوڈ ہے، لیکن بعد میں اس شدت کو اپ گریڈ کردیا گیا۔ امریکی ادارے کا کہنا ہے کہ اس زلزلے کا مرکز چلّی کے شہر ایکیک سے شمال مغرب میں ننانوے کلومیٹرز کے فاصلے پر سطح سمندر میں دس کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجکر چھیالیس منٹ پر آیا۔ یاد رہے کہ اس خطے میں پچھلے دو ہفتوں سے مختلف شدت کے متعدد زلزلے آچکے ہیں، جن میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی ۔
زلزلے کے بعد چلی کے ساحلی علاقوں میں پانچ سے چھ فُٹ اونچی لہریں اٹھتی ہوئی دیکھی گئی ہیں، جبکہ چلی سمیت دیگر لاطینی ممالک میں سونامی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
چلی میں گزشتہ ہفتے بھی مختلف نوعیت کے زلزلے ریکارڈ کئے گئے تھے ۔
خیال رہے کہ دو ہزار دس میں یہاں آنے والے آٹھ اعشاریہ آٹھ شدت کے زلزلے نے پانچ سو سے زائد افراد کو لقمہ اجل بنا دیا تھا اور چلی کو کروڑوں ڈالر کا مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا تھا۔